لاہور،فیصل آباد(خصوصی نمائندہ،92نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون کا منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دیدی جبکہ جڑانوالہ اور سمندری کے دورہ کے دوران اے سی جڑانوالہ تبدیل اور 3افسروں کو معطل کردیا۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے منصوبے کو آئندہ مالی سال سے شروع کیا جائے گا اوراس اہم منصوبے کیلئے فنڈز آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رکھے جائیں گے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے منصوبے کیلئے اراضی کی جلد نشاندہی کی جائے اور منصوبے کے حوالے سے ضروری اقدامات جلد طے کئے جائیں تاکہ آئندہ مالی سال کے آغاز میں اس پر کام شروع کیا جاسکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کے منصوبے کو جلد فنکشنل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کو رواں برس آپریشنل کیا جائے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے جڑانوالہ اورسمندری کے اچانک دورے کیے ،تھانہ، آٹا سیل پوائنٹس اورہسپتالوں پر چھاپے مار کرصورتحال کا جائزہ لیا اوردونوں شہروں میں صفائی کے انتظامات بھی چیک کیے ،وزیراعلیٰ نے ناقص کارکردگی کی عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کوعہدے سے ہٹا دیاجبکہ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اورایس ایچ اوکو معطل کر دیا،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھانہ سٹی جڑانوالہ کابھی دورہ کیااور حوالات میں بند ملزموں سے ہاتھ ملایا اوران کے مسائل پوچھے بعد میں انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال جڑانوالہ کا بھی اچانک دورہ کیا۔دریں اثنا ساہیوال میں آٹے کی فراہمی کے حوالے سے عوامی شکایات پروزیراعلیٰ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرساہیوال معطل کردیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پتوکی کے نواحی گاؤں میں بچے کی لاش برآمد ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کرلی ۔